ہمارے درمیان معمولی جھگڑے ہوتے ہیں، لیکن صلح کے لیے پہل مریم ہی کرتی ہیں۔ گھر میں میٹھا آئے تو وہ کہتی ہیں اسے چھپا دو، ورنہ صفدر سارا کھا جائے گا اور پھر طبیعت خراب کرلے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) محمد صفدر نے اپنی ازدواجی زندگی کے دلچسپ پہلو بتاتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ دونوں کے درمیان کبھی ناراضی ہوجائے تو معاملہ ختم کرنے کے لیے پہلا قدم عموماً مریم نواز ہی اٹھاتی ہیں۔
ایک حالیہ انٹرویو میں کیپٹن (ر) صفدر نے سیاست کے ساتھ اپنی گھریلو زندگی پر بھی کھل کر گفتگو کی۔ انہوں نے بتایا کہ مریم نواز کے ساتھ ان کا رشتہ حکم چلانے کے بجائے عزت، احترام اور باہمی سمجھ بوجھ پر قائم ہے۔ دونوں کی شادی کو تقریباً 35 برس ہوچکے ہیں اور اب ان کے بچے بھی صاحبِ اولاد ہیں۔
کابینہ کا حصہ نہ بننے سے متعلق انہوں نے ہلکے پھلکے انداز میں کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کسی اجلاس میں آئیں تو وہاں موجود افراد احتراماً کھڑے ہوتے ہیں، اس لیے وہ خود ایسی صورتِ حال میں کیوں پڑیں۔
میاں بیوی کے درمیان اختلافات کا ذکر کرتے ہوئے کیپٹن صفدر نے کہا کہ ان کے جھگڑے بہت معمولی نوعیت کے ہوتے ہیں اور ناراضی زیادہ دیر برقرار نہیں رہتی۔ ان کے بقول صلح کی طرف پیش قدمی زیادہ تر مریم نواز کی جانب سے ہوتی ہے۔
انہوں نے گھر کا ایک دلچسپ قصہ بھی سنایا کہ مریم نواز ان کی میٹھا کھانے کی عادت کا خاص خیال رکھتی ہیں۔ گھر میں مٹھائی آئے تو وہ اسے چھپانے کا کہتی ہیں تاکہ صفدر زیادہ میٹھا کھا کر اپنی طبیعت خراب نہ کرلیں۔