حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات، اسپیکر چیمبر میں پہلا دور جاری

image

لانگ مارچ سے قبل حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان مذاکراتی عمل دوبارہ بحال ہوگیا اسپیکر قومی اسمبلی کے چیمبر میں حکومتی اور اپوزیشن وفود کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور جاری ہے۔

مذاکرات سے قبل دونوں جانب کی مذاکراتی ٹیموں کے ارکان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بات چیت کے ذریعے معاملات میں بہتری کی امید ظاہر کی۔

حکومتی وفد میں وفاقی وزرا محسن نقوی اور امیر مقام جبکہ وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ شامل ہیں۔ پیپلزپارٹی کی جانب سے نوید قمر، شیری رحمان اور اعجاز جاکھرانی مذاکرات میں شریک ہیں۔

اپوزیشن کے وفد کی قیادت چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کر رہے ہیں وفد میں اسد قیصر، سلمان اکرم راجا، حلیم عادل شیخ اور چیف وہپ عامر ڈوگر بھی شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کے درمیان گزشتہ روز ہونے والی ملاقات میں پی ٹی آئی سے مذاکرات کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، رانا ثناء اللہ اور اٹارنی جنرل بھی شریک ہوئے، جبکہ پیپلزپارٹی کی نمائندگی سلیم مانڈوی والا، شیری رحمان، ناصر شاہ اور شرجیل میمن نے کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مشاورتی اجلاس میں خیبرپختونخوا کی سیکیورٹی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امن و استحکام کے لیے ریاستی اداروں کے درمیان مؤثر تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق صدر مملکت اور وزیراعظم نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اپوزیشن کے ساتھ محض رسمی مذاکرات کے بجائے نتیجہ خیز بات چیت ہونی چاہیے اور مذاکرات میں پیشرفت تک یہ عمل جاری رکھا جائے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی یا گورنر راج کو آخری آپشن کے طور پر رکھا گیا ہے جبکہ مذاکرات میں پیشرفت نہ ہونے کی صورت میں حکومت دیگر آئینی آپشنز پر غور کرے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US