پشاور: وزیر داخلہ محسن نقوی اور گورنر فیصل کریم کنڈی کا اہم اجلاس شروع

image

گورنر ہاؤس پشاور میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کے درمیان اہم اجلاس شروع ہوگیا، جس میں صوبے کی مجموعی صورتحال، سیکیورٹی معاملات اور دیگر اہم امور پر غور کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق محسن نقوی لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات اور نیوز کانفرنس کے بعد فوری طور پر پشاور روانہ ہوئے اور پہنچتے ہی گورنر ہاؤس میں اجلاس میں شریک ہوگئے۔

وزیر داخلہ نے نیوز کانفرنس میں بتایا تھا کہ اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے ساتھ مذاکرات کے دوران بیشتر نکات پر اتفاق رائے ہوگیا تھا، تاہم وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے مذاکرات میں طے پانے والے اتفاق رائے کو مسترد کردیا۔

محسن نقوی کے مطابق مذاکرات میں طے شدہ مسودہ صدر مملکت کو دکھانے کے لیے لے کر گئے، واپسی پر معلوم ہوا کہ سہیل آفریدی نے مسودے میں بڑی تبدیلیاں کروا دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قیادت نے چار مرتبہ ڈرافٹ فائنل کیا، لیکن ہر مرتبہ سہیل آفریدی کی جانب سے اس میں تبدیلیاں کروائی گئیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے شکوہ کیا کہ اگر تمام فیصلے سہیل آفریدی نے ہی کرنے تھے تو انہیں خود مذاکرات میں شریک ہونا چاہیے تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اب مذاکرات نہیں ہوں گے اور مزید مذاکرات کی ضرورت نہیں ہے۔

محسن نقوی نے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ جو وزیراعلیٰ دہشت گردی کا مقابلہ نہیں کرتا، اسے وزیراعلیٰ نہیں رہنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی جیسی صورتحال کسی صورت پیدا نہیں ہونے دی جائے گی اور اسلام آباد پر کسی کو دھاوا بولنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

گورنر ہاؤس میں جاری اجلاس میں خیبر پختونخوا کی سیکیورٹی صورتحال، امن و امان اور صوبے سے متعلق دیگر اہم معاملات پر مشاورت جاری ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US