سندھ میں صیہونیت کی سیاست لانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی، بلاول بھٹو

image

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تھرکول فیز تھری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو تبدیلی تھر میں دیکھی گئی ہے وہ پورے پاکستان میں نظر نہیں آتی۔

اگر اسلام آباد کا نظام ناکام ہوچکا ہے تو اسے تھر والوں کے حوالے کردیا جائے، یہاں کے لوگ اسلام آباد کے بچوں کو بھی امتحانات میں ٹاپ کروا دیں گے اور وہاں کے اسپتالوں کو بہتر بنا دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے ماہرین کا خیال تھا کہ تھر کا کوئلہ اور اس میں سرمایہ کاری بے کار ہے، تاہم جہاں پہلے تھر بلاک ٹو میں 600 میگا واٹ بجلی پیدا ہو رہی تھی وہیں اب یہ پیداوار 2 ہزار میگا واٹ تک پہنچ چکی ہے اور اس منصوبے کی بدولت 1.6 ارب ڈالر کا زرمبادلہ بچایا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں فرٹیلائزر کے بحران کے پیش نظر تھر کے کوئلے سے متعلق منصوبوں کو تیزی سے مکمل کیا جانا چاہیے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تھر میں ہر لحاظ سے ترقی ہوئی ہے، وہاں کے بچے امتحانات میں ٹاپ کر رہے ہیں اور پورا پاکستان اس پیش رفت پر حیران ہے، جس پر پورے ملک کو مبارکباد دینی چاہیے۔

انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک سیاسی جماعت کراچی میں نفرت کی سیاست کرتی ہے اور سندھ میں صیہونیت کی سیاست لانے کی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔

ان کے بقول تھر پارکر ملک کے آئین اور 18ویں ترمیم کی سب سے بڑی مثال ہے اور کچھ لوگوں سے تھر کی یہ ترقی ہضم نہیں ہو رہی۔

انہوں نے اس منطق کو رد کیا کہ اگر سسٹم ناکام ہوجائے تو نئے صوبے بنائے جائیں، بلکہ اسلام آباد کو بھی تھر کے طرز پر چلنا چاہیے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US