نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے اہم ملاقات ہوئی، جس میں فلسطین، جموں و کشمیر، افغانستان اور انسداد دہشت گردی سمیت مختلف علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے سیکریٹری جنرل کو سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا اور کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہونا ضروری ہے۔
ملاقات کے دوران پاکستان کی سفارتی کوششوں، خصوصاً امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد میں مذاکرات کے لیے پاکستان کے کردار کو بھی سراہا گیا۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی سب سے مؤثر ذریعہ ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے مذاکرات، ثالثی اور کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کا اعتراف کیا۔