کوہاٹ میں شادی پور پولیس چوکی پر فتنہ الخوارج سے وابستہ دہشت گردوں کے حملے کو پولیس نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔
پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے چوکی پر شدید فائرنگ کی جس کا اہلکاروں نے بھرپور مقابلہ کرتے ہوئے مؤثر جواب دیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 4 پولیس اہلکار زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق جوابی کارروائی کے نتیجے میں دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچا جبکہ حملہ ناکام ہونے کے بعد علاقے میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن جاری ہے اور فرار ہونے والے دہشت گردوں کا تعاقب کیا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں سیکیورٹی مزید بڑھا دی گئی ہے جبکہ کوہاٹ پولیس امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کارروائیاں جاری رکھے گی۔