فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے غیر ملکی شپنگ کمپنیوں کے ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کے طریقہ کار میں تبدیلی کرتے ہوئے نیا آن لائن نظام متعارف کرا دیا۔
ایف بی آر کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق غیر ملکی شپنگ کمپنیوں کے تمام ٹیکس ریٹرن اب آن لائن انکم ٹیکس ریٹرن سسٹم (آئی آر آئی ایس) کے ذریعے جمع ہوں گے، جبکہ متعلقہ جہاز سے متعلق معلومات سنگل ونڈو سسٹم سے خودکار طور پر آئی آر آئی ایس میں منتقل کی جائیں گی۔
نئے طریقہ کار کے تحت شپنگ ایجنٹس کو کاغذی اور دستی کارروائی سے نجات ملے گی۔ ریٹرن جمع کراتے وقت جہاز کا نام، بندرگاہ پر آمد و روانگی کے اوقات اور شپنگ ایجنٹ کا قومی ٹیکس نمبر درج کرنا لازم ہوگا۔
ایف بی آر کے مطابق ریٹرن میں جہاز کے کرائے سمیت دیگر آمدن کی تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی، جبکہ ٹیکس ادائیگی کا چالان بھی آن لائن تیار کیا جائے گا۔ ٹیکس کی رقم جمع ہونے کے بعد ہی ریٹرن کو مکمل تصور کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ریٹرن جمع کرانے کے لیے اضافی وقت درکار ہونے کی صورت میں شپنگ ایجنٹ کو جہاز کی روانگی سے قبل توسیع کی درخواست دینا ہوگی۔
ایف بی آر نے نئے نظام اور نوٹیفکیشن پر متعلقہ حلقوں سے 7 روز کے اندر آرا اور تجاویز طلب کرلی ہیں۔