پاک بحریہ کے جہاز یَرموک نے بحیرہ عرب میں کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 96 ملین امریکی ڈالر مالیت کی منشیات برآمد کرلی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان نیوی شپ یرموک نے پاکستانی ساحل سے دور بحیرہ عرب میں انسدادِ منشیات کی دو کامیاب کارروائیاں کیں۔ کارروائیوں کے دوران دو دھاؤ کو روک کر ان کی تلاشی لی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں کشتیوں کے خفیہ خانوں سے تقریباً 850 کلوگرام آئس اور 2 ہزار کلوگرام چرس/کینابس برآمد ہوئی۔ برآمد کی گئی منشیات کی مالیت تقریباً 9 کروڑ 60 لاکھ امریکی ڈالر ہے۔
برآمد شدہ منشیات کو تحویل میں لے لیا گیا ہے، جسے مزید قانونی کارروائی اور تلفی کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ کی کامیاب کارروائیاں سمندر میں مسلسل موجودگی، نگرانی اور علاقائی بحری سلامتی کے ساتھ ساتھ سمندری راستے سے غیر قانونی منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف پاکستان کے پختہ عزم کی عکاس ہیں۔