شمالی وزیرستان میں کارروائی، 4 اہم کمانڈرز سمیت 9 دہشتگرد ہلاک

image

خیبرپختونخوا میں عزمِ استحکام وژن کے تحت فتنہ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔ شمالی وزیرستان کے علاقوں پلنگ زئی، ندیم کوٹ اور کوٹ خضری میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 9 دہشتگرد ہلاک کردیے گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں فتنہ الخوارج کے 4 اہم دہشتگرد کمانڈرز خالد رضا، کامران، موسیٰ اور مفتو بھی شامل ہیں۔

کارروائی کے دوران ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا جبکہ عزمِ استحکام وژن کے تحت جاری آپریشنز میں فتنہ الخوارج کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کیے گئے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کے افسران اور اہلکاروں کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف کامیاب کارروائیاں ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے عزم کی عکاس ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کے افسران اور جوان دہشتگردی کے خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے قابلِ تحسین خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ دہشتگردوں کو ملک میں بدامنی پھیلانے اور اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US