آئی ایم ایف اور پاکستان میں اسٹاف لیول معاہدہ طے، 1.21 ارب ڈالر ملیں گے

image

پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان اقتصادی جائزے پر اسٹاف لیول معاہدہ طے پاگیا ہے۔ آئی ایم ایف کے اعلامیے کے مطابق معاہدے کی منظوری کے بعد پاکستان کو مجموعی طور پر 1.21 ارب ڈالر کی رقم ملنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق موجودہ ایکسٹینڈڈ فنڈ فسیلٹی پروگرام کے پانچویں قسط سے متعلق چوتھا جائزہ مکمل کرلیا گیا، جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فسیلٹی کے تیسرے جائزے پر بھی مذاکرات ہوئے۔ آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ 1.21 ارب ڈالر کی فراہمی کی حتمی منظوری دے گا۔

آئی ایم ایف نے کہا کہ پاکستان نے معاشی اہداف کے حصول کے لیے اہم پیش رفت کی ہے، پروگرام کے نتیجے میں معاشی استحکام آیا اور اصلاحات کا عمل تیز ہوا۔ مشکل بیرونی حالات کے باوجود معاشی کارکردگی بہتر رہی جبکہ حکومت نے تیل کے بحران سے بھی مؤثر انداز میں نمٹنے کی کوشش کی۔

اعلامیے کے مطابق کلائمیٹ فنانسنگ پروگرام کے تحت پاکستان کو 20 کروڑ ڈالر بھی جاری کیے جائیں گے۔ مالی سال کی پہلی ششماہی میں پاکستان کی جی ڈی پی شرح نمو 4 فیصد رہی، جبکہ گزشتہ مالی سال میں یہ شرح 3.6 فیصد تھی۔

آئی ایم ایف کے مطابق مہنگائی کی شرح کم ہوکر اسٹیٹ بینک کے مقررہ ہدف کی جانب واپس آرہی ہے، جبکہ پرائمری سرپلس جی ڈی پی کے تقریباً 2 فیصد رہنے کی توقع ہے۔ پاکستان نے تعلیم اور صحت کے شعبوں کے بجٹ میں اضافے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔

پاکستانی سرکاری ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام پر مکمل عملدرآمد جاری ہے نجکاری پروگرام کو تیز کیا جارہا ہے، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے نقصانات کم کیے جارہے ہیں جبکہ گیس سیکٹر کے گردشی قرضے کو بڑھنے سے روکنے کے اقدامات بھی جاری ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US