کراچی بندرگاہ سے یورپ کیلیے براہِ راست شپنگ سروس بحال کردی گئی، وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری کی کوششوں کے بعد ایم ایس سی نے پریمیم آئی پاک سروس دوبارہ شروع کردی۔
وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری کے مطابق کراچی گیٹ وے ٹرمینل سے یورپ کیلیے ہفتہ وار شپنگ رابطہ بحال ہوگیا ہے، جس کے تحت 7 یورپی بندرگاہوں کیلیے شپنگ رابطہ دوبارہ قائم کیا گیا ہے۔
جنید انوار چوہدری نے کہا کہ براہِ راست یورپی شپنگ سروس کی بحالی سے برآمدکنندگان کو ریلیف ملے گا، جبکہ ٹیکسٹائل سمیت دیگر برآمدی سامان کی یورپ منتقلی مزید بہتر اور مؤثر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ قابلِ اعتماد شپنگ رابطے برآمدکنندگان کیلئے انتہائی اہم ہیں اور سروس کی بحالی برآمدی صنعت کیلیے اہم پیش رفت ہے۔
وزیر بحری امور نے کے پی ٹی چیئرمین اور کراچی گیٹ وے ٹرمینل لمیٹڈ کی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بحری لاجسٹکس نظام کو مزید مؤثر بنانے کیلیے اقدامات جاری ہیں۔
چیئرمین کے پی ٹی ریئر ایڈمرل (ر) شاہد احمد نے کہا کہ براہِ راست شپنگ رابطے کی بحالی سے کراچی سے یورپ کی اہم منڈیوں تک رسائی مزید بہتر ہوگی۔