گندم کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث آٹے کی قیمتیں بھی بڑھنے لگیں، چھوٹی چکی کے آٹے کی قیمت میں 10 روز کے دوران 10 روپے فی کلو اضافہ ہوگیا۔
ہول سیلرز گروسرز ایسوسی ایشن کے رہنما عبدالرؤف ابراہیم کے مطابق گندم کی قیمت 135 روپے سے بڑھ کر 140 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، جس کے باعث فلور ملز نے بھی آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ چھوٹی چکی کا آٹا 180 روپے فی کلو جبکہ فلور ملز کا ڈھائی نمبر آٹا 155 روپے فی کلو تک پہنچ گیا ہے۔ اسی طرح فلور ملز کے فائن آٹے کی قیمت بھی بڑھ کر 170 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔
عبدالرؤف ابراہیم نے آٹے کی قیمتوں میں روزانہ اضافے کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے باعث عوام پہلے ہی شدید مشکلات کا شکار ہیں، ایسے میں آٹے کی قیمت میں مسلسل اضافہ عوام پر مزید بوجھ ڈال رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ درآمدی گندم نومبر میں آنے کی توقع ہے، جبکہ دالوں کی قیمتوں میں بھی تقریباً 20 فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔ اگر گندم اور آٹے کی قیمتوں کو قابو کرنے کے لیے فوری اقدامات نہ کیے گئے تو آٹے کی قیمت 250 روپے فی کلو تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔