بجلی صارفین کے لیے ایک اور بری خبر، فی یونٹ قیمت میں اضافہ، اکتوبر کے بل مزید بڑھ جائیں گے

image

کراچی سمیت ملک بھر میں بجلی استعمال کرنے والے شہریوں کے لیے اخراجات مزید بڑھ گئے ہیں۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمت میں ایک روپے 11 پیسے فی یونٹ اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے بعد صارفین کو اکتوبر کے بلوں میں اضافی رقم ادا کرنا ہوگی۔

جاری کردہ تفصیلات کے مطابق یہ اضافہ اگست کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے جس کا اطلاق صرف ایک ماہ کے لیے ہوگا۔ نئی قیمت کراچی سمیت ملک بھر کے متعلقہ صارفین پر لاگو ہوگی، تاہم کم بجلی استعمال کرنے والے لائف لائن صارفین کو اس اضافے سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس فیصلے کے نتیجے میں بجلی استعمال کرنے والے شہریوں پر مجموعی طور پر تقریباً 19 ارب روپے کا اضافی مالی بوجھ پڑے گا۔ پہلے ہی بڑھتے ہوئے گھریلو اخراجات کے درمیان بجلی کے نرخوں میں یہ تبدیلی صارفین کے ماہانہ بجٹ کو مزید متاثر کرسکتی ہے۔

دوسری جانب ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کی پیداوار میں کمی اور طلب میں اضافے کے باعث قومی سطح پر شارٹ فال 4 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرگیا ہے، جس کے نتیجے میں کئی شہروں اور دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھ گیا ہے۔

بجلی کے شعبے سے وابستہ ذرائع کے مطابق بعض پاور پلانٹس کی بندش اور آبی ذرائع سے بجلی کی پیداوار میں کمی نے صورتحال کو مزید مشکل بنا دیا ہے۔ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے زیر انتظام علاقوں میں بجلی کی طلب تقریباً 4 ہزار میگاواٹ جبکہ دستیاب فراہمی 3 ہزار میگاواٹ بتائی گئی ہے، جس سے ایک ہزار میگاواٹ کا فرق سامنے آیا ہے۔

بجلی کی کمی کے باعث بعض علاقوں میں روزانہ 3 سے 4 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی اطلاعات ہیں۔ مسلسل تعطل سے گھریلو صارفین کے ساتھ کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہوسکتی ہیں۔

بجلی کی قیمت میں حالیہ اضافے اور فراہمی میں رکاوٹوں نے صارفین کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔ شہریوں کو اب ایک طرف اکتوبر کے بلوں میں اضافی ادائیگی کرنا ہوگی تو دوسری جانب بجلی کی غیر یقینی فراہمی کا بھی سامنا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US