اسلام آباد میں بغیر لائسنس ادویہ کی فروخت پر پابندی، خلاف ورزی پر کارروائی کا فیصلہ

image

وفاقی دارالحکومت میں بغیر لائسنس ادویہ کی فروخت پر پابندی عائد کردی گئی، لائسنس کے بغیر کلینکس، فارمیسز اور میڈیکل اسٹورز کو ادویہ فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

سیکریٹری ڈرگ کوالٹی کنٹرول اسلام آباد کی جانب سے اس حوالے سے متعلقہ وفاقی محکموں کو مراسلہ جاری کردیا گیا ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بغیر لائسنس ادویہ کی فروخت پر پابندی آئینی عدالت کے فیصلے کی روشنی میں عائد کی گئی ہے۔

متعلقہ کلینکس، فارمیسز اور میڈیکل اسٹورز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بلاتاخیر ضروری سیلز لائسنس حاصل کریں، بصورت دیگر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مراسلے کے مطابق ادویہ کے ڈسٹری بیوٹرز کو بھی پابند کیا گیا ہے کہ وہ ایسے کلینکس یا دیگر مراکز کو ادویہ فراہم نہ کریں جن کے پاس متعلقہ سیلز لائسنس موجود نہیں۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ ہیلتھ سیٹ اپس میں محدود پیمانے پر ڈاکٹر کے نسخے پر ادویہ فراہم کرنے والے مراکز بھی اس پابندی سے مستثنیٰ نہیں ہوں گے۔

اس حوالے سے ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی، محکمہ صحت اسلام آباد اور پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کو بھی مراسلے ارسال کردیے گئے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US