شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، فتنہ الخوارج کے 7 دہشت گرد ہلاک

image

خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، کارروائی میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کر دیے گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق عزمِ استحکام وژن کے تحت جاری کارروائیوں میں ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان میں کارروائی کے دوران 7 دہشت گردوں کی ہلاکت اور ان کے ٹھکانوں کی تباہی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشت گردوں کے غیر ملکی سرپرستوں اور سہولت کاروں کی سازشوں کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی حکومت پاکستان کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ فتنہ الخوارج کو کہیں بھی چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US