سعودی عرب اور دیگر خلیجی ریاستوں میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے اثرات پاکستان کے ہوائی اڈوں تک پہنچ گئے ہیں جہاں فضائی سفر کا نظام متاثر ہونے سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مختلف شہروں سے بیرونِ ملک جانے والی درجنوں پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں جبکہ کئی طیارے مقررہ وقت پر روانہ نہیں ہوسکے۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق ملک بھر میں 42 پروازیں منسوخ اور 68 پروازیں 2 سے 7 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی ہیں۔ اچانک شیڈول تبدیل ہونے سے مسافروں کے سفری منصوبے متاثر ہوئے ہیں خصوصاً سعودی عرب جانے والے عمرہ زائرین کو زیادہ پریشانی کا سامنا ہے۔
لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 13 پروازیں منسوخ اور 12 تاخیر کا شکار ہوئیں۔ کراچی میں 10 پروازیں منسوخ جبکہ 13 کی آمد و روانگی متاثر ہوئی۔ اسی طرح اسلام آباد میں 9 پروازیں منسوخ اور 8 تاخیر سے چلیں جبکہ ملتان سے بھی 7 پروازوں کی منسوخی کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے بعض ہوائی اڈوں پر سیکیورٹی خدشات کے باعث فضائی سرگرمیوں میں تبدیلیاں کی گئی ہیں جس کا براہِ راست اثر پاکستان سے سفر کرنے والے افراد پر پڑ رہا ہے۔
دوسری جانب قومی ایئرلائن پی آئی اے نے مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے ریاض کے لیے اپنی پروازیں عارضی طور پر روکنے کا اعلان کیا ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گھر سے نکلنے سے پہلے اپنی پرواز کی تازہ صورتحال ضرور معلوم کریں تاکہ ایئرپورٹ پہنچ کر غیر ضروری انتظار اور پریشانی سے بچ سکیں۔ اس مقصد کے لیے مسافر ایئرلائن کے ہیلپ لائن نمبر 111-786-786 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
خلیجی خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث فضائی شیڈول میں مزید تبدیلیوں کا امکان بھی موجود ہے اس لیے آنے والے دنوں میں سفر کرنے والوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی متعلقہ ایئرلائن سے مسلسل رابطے میں رہیں۔