وزیراعظم شہباز شریف اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان رابطے کے بعد خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے فوری نفاذ سے گریز کی حکومتی یقین دہانی پر مشاورت کا راستہ کھل گیا۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے مولانا فضل الرحمان کو یقین دہانی کرائی ہے کہ آئندہ دو روز تک کوئی اقدام نہیں اٹھایا جائے گا، جس کے بعد جے یو آئی کے سربراہ نے معاملے پر مشاورت کے لیے آمادگی ظاہر کردی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اب اپنی جماعت کی قیادت، اپوزیشن اور حکومتی حلقوں سے مزید رابطے کریں گے تاکہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جاسکے۔ انہوں نے جے یو آئی کے رہنماؤں کو بھی اسلام آباد میں موجود رہنے کی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم شہباز شریف کو خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کرنے یا گورنر راج لگانے سے گریز کرنے کا مشورہ بھی دیا تھا۔
حکومت اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان رابطے کو خیبر پختونخوا کی صورتحال پر مشاورت کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، تاہم حکومتی یقین دہانی اور آئندہ لائحہ عمل سے متعلق باضابطہ مؤقف سامنے آنا باقی ہے۔