پاکستان پیپلزپارٹی نے اپوزیشن کو انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شامل ہونے کی باضابطہ دعوت دے دی ہے، جبکہ اپوزیشن رہنماؤں محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس نے پی ٹی آئی قیادت سے مشاورت کے لیے وقت مانگ لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر پیپلزپارٹی کے وفد نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس سے چند گھنٹوں کے دوران دوسری ملاقات کی، جس میں انتخابی اصلاحات اور انتخابات میں شفافیت یقینی بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں علامہ راجہ ناصر عباس نے انتخابات کے عمل کو شفاف اور مؤثر بنانے کی تجویز سے اتفاق کیا، جبکہ اپوزیشن کی جانب سے انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شرکت کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔ تاہم حتمی فیصلے کے لیے پی ٹی آئی قیادت سے مشاورت کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ کمیٹی 2024 کے عام انتخابات، ضمنی انتخابات، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ہونے والے انتخابات کے دوران مبینہ دھاندلی کے الزامات کا جائزہ لے گی۔ کمیٹی انتخابی بے ضابطگیوں کے ذمہ داران کا تعین کرنے، مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے سفارشات بھی مرتب کرے گی۔
اس موقع پر پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمان نے کہا کہ اپوزیشن نے حتمی جواب دینے کے لیے مشاورت کا وقت مانگا ہے، امید ہے کہ اس حوالے سے مثبت جواب سامنے آئے گا۔