علی محمد خان کا اسپیکر قومی اسمبلی سے رابطہ، مذاکرات کے تیسرے دور پر زور

image

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے رابطہ کرکے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور حکومت و پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کی بحالی پر تبادلہ خیال کیا۔

ذرائع کے مطابق علی محمد خان نے زور دیا کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور ہونا چاہیے تاکہ سیاسی کشیدگی میں کمی لائی جا سکے اور معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جا سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ علی محمد خان نے مؤقف اختیار کیا کہ مذاکرات کے ذریعے معاملات کو بہتری کی جانب لے جایا جا سکتا ہے۔ تمام سیاسی رہنماؤں کو اسلام آباد میں موجود ہونا چاہیے تاکہ مذاکراتی عمل جاری رہ سکے اور سیاسی تناؤ کا حل کسی خون خرابے کے بغیر نکالا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق علی محمد خان نے کہا کہ پی ٹی آئی نے متعدد بار حکومت کو مذاکرات کا راستہ اختیار کرنے کا موقع دیا ہے اور اب بھی بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے کی خواہاں ہے۔

تاہم، یہ واضح نہیں ہو سکا کہ علی محمد خان نے سردار ایاز صادق سے اپنی ذاتی حیثیت میں رابطہ کیا یا پی ٹی آئی کی قیادت کی جانب سے کوئی پیغام پہنچایا۔

ذرائع کے مطابق سردار ایاز صادق اس وقت لاہور میں ہیں اور ان کی اسلام آباد واپسی پر ملاقات بھی متوقع ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US