پاناما میں 7.7 شدت کا زلزلہ، متعدد ممالک میں سونامی کا خطرہ

image

پاناما کے جنوبی ساحل کے قریب 7.7 شدت کے طاقتور زلزلے کے بعد متعدد ممالک کے ساحلی علاقوں میں سونامی کا خطرہ پیدا ہوگیا، جبکہ ہوائی کے لیے بھی وارننگ جاری کردی گئی۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق جمعے کو آنے والے زلزلے کی گہرائی زمین کے اندر 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز پاناما کے جنوبی حصے میں واقع علاقے لا پیتالوزا کے قریب تھا، جو بحرالکاہل کے ساحل کے نزدیک واقع ہے۔

زلزلے کے شدید جھٹکے پاناما کے دارالحکومت پاناما سٹی سمیت پڑوسی ملک کوسٹا ریکا کے دارالحکومت میں بھی محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی فوٹیج میں لوگوں کو عمارتوں سے باہر نکلتے دیکھا گیا۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق زلزلے کے بعد ابتدائی طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم صورتحال کے مزید جائزے اور ممکنہ نقصانات سے متعلق تفصیلات کا انتظار ہے۔

زلزلے کے بعد امریکی سونامی وارننگ سسٹم نے خبردار کیا کہ اگلے تین گھنٹوں کے دوران پاناما، کولمبیا، کوسٹا ریکا، ایکواڈور، پیرو، نکاراگوا، گوئٹے مالا، ایل سلواڈور اور میکسیکو کے بعض ساحلی علاقوں میں خطرناک سونامی لہریں اٹھ سکتی ہیں۔ سسٹم نے ہوائی کے لیے بھی سونامی کے خطرے سے خبردار کیا۔

سونامی کی وارننگ کے بعد متاثرہ ساحلی علاقوں میں صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔ زلزلے کے ممکنہ اثرات، سمندری لہروں کی شدت اور ساحلی آبادیوں کو لاحق خطرات سے متعلق مزید معلومات سامنے آنے کا انتظار ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US