مسجد الحرام کے امام شیخ ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس نے حرمین شریفین کی حرمت کو سرخ لکیر قرار دیتے ہوئے مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور شہری تنصیبات پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی مذمت کی ہے۔
جمعے کے خطبے میں شیخ عبدالرحمٰن السدیس نے کہا کہ حرمین شریفین پر حملے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرتے ہیں اور ان کی حرمت کو عبور نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے مصنوعی ذہانت کے ذریعے جعلی ویڈیوز اور آوازیں بنا کر پھیلانے کو جھوٹ اور حرام عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اللہ تعالیٰ کی نعمت ہے، اسے اطاعتِ الٰہی اور خوشنودی کے لیے استعمال کرنا چاہیے۔
دوسری جانب مسجد نبوی ﷺ کے امام شیخ خالد المعینا نے خطبۂ جمعہ میں کہا کہ حرمین شریفین سے عداوت رکھنے والوں کی دشمنی انہیں گمراہی اور رسوائی کی طرف لے جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ اللہ تعالیٰ کا محترم گھر اور اس کے نزدیک محبوب ترین سرزمین ہے۔