شہر کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی اور ٹھنڈی ہواؤں کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا، جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش ہونے کا امکان ہے۔
گلبرگ، فیروز پور روڈ، ماڈل ٹاؤن سمیت لاہور کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی، جس کے بعد موسم میں خنکی بڑھ گئی۔ شہر میں ہوائیں 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب پنجاب میں بارشوں، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔