گورنر خیبر پختونخوا نے صوبے کے عوام کے نام اہم پیغام میں کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام صدارتی پروکلیمیشن کا خیرمقدم کرتے ہیں اور امن، استحکام، ترقی و خوشحالی کے خواہاں ہیں۔
گورنر خیبر پختونخوا کے مطابق صوبے کے عوام نے فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ مزید فتنہ الخوارج کا ساتھ نہیں دیں گے بلکہ اپنے سکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر دہشت گردوں کے خلاف آخری دم تک لڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام انتشار اور بدامنی کے بجائے پُرامن اور خوشحال مستقبل چاہتے ہیں۔ صوبے کے عوام دیگر صوبوں کے ساتھ برادرانہ تعلقات، باہمی تعاون اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے ترقی و خوشحالی کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔
گورنر نے کہا کہ عوام جمہوری اقدار کے فروغ اور ترقی کے ثمرات عام شہری تک پہنچتے دیکھنا چاہتے ہیں۔ خیبر پختونخوا کے عوام امن پسند ہیں اور دہشت گردی یا پُرتشدد کارروائیوں کی ہرگز حمایت نہیں کرتے۔
انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ کسی بھی قسم کی قانون شکنی، اشتعال انگیزی اور دنگا فساد سے مکمل اجتناب کریں۔ گورنر خیبر پختونخوا نے خبردار کیا کہ امن و امان خراب کرنے اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔