بچوں کے محفوظ ڈیجیٹل مستقبل کے لیے اسلام آباد میں قومی و بین الاقوامی پالیسی ڈائیلاگ

image

بچوں کو سائبر جرائم اور آن لائن ہراسانی سے محفوظ بنانے کے لیے اسلام آباد میں قومی و بین الاقوامی پالیسی ڈائیلاگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں بچوں کے ڈیجیٹل تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

پالیسی ڈائیلاگ کا اہتمام چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور وزارتِ انسانی حقوق کے زیرِ انتظام کیا گیا، جس میں آسٹریلوی ہائی کمشنر، اسپیکر پنجاب اسمبلی، متعلقہ ماہرین اور طلبہ نے شرکت کی۔

اجلاس میں بچوں کو انٹرنیٹ کے استعمال کے دوران درپیش خطرات، سائبر جرائم اور آن لائن ہراسانی سے بچاؤ کے لیے قانون سازی، آگاہی اور مؤثر حفاظتی اقدامات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ بچوں کے لیے محفوظ ڈیجیٹل ماحول کی فراہمی کے لیے حکومتی اداروں، تعلیمی اداروں، والدین اور متعلقہ فریقین کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔

اس موقع پر بچوں کے آن لائن تحفظ کے حوالے سے پنجاب اسمبلی کی جانب سے قرارداد متفقہ طور پر منظور کیے جانے کو بھی اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔ پالیسی ڈائیلاگ میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ بچوں کو ڈیجیٹل دنیا میں محفوظ رکھنے اور آن لائن خطرات سے بچانے کے لیے مؤثر حکمتِ عملی اور آگاہی اقدامات کو فروغ دیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US