صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ خالصتاً دفاعی نوعیت کا ہے، یہ کسی ملک کے خلاف نہیں اور نہ ہی اس کا مقصد کوئی نیا بلاک تشکیل دینا ہے۔ معاہدہ اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں کے تحت دفاعی تعاون کے ذریعے خطے میں امن و استحکام کو مضبوط بنانے میں مدد دے گا۔
ایوانِ صدر میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت مقرر ہونے والے پہلے سیکریٹری جنرل لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود نے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ وہ ریاض میں قائم کیے جانے والے اتحاد کے جنرل سیکریٹریٹ کی قیادت کریں گے۔
ملاقات کے دوران صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان تنازعات کے پُرامن حل اور ابھرتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے علاقائی اور کثیرالجہتی تعاون کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان 7 اگست 2026 کو طے پانے والا مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ دفاعی تعاون کے ذریعے خطے میں امن و استحکام کو تقویت دے گا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ و انسدادِ منشیات سید محسن رضا نقوی بھی موجود تھے۔