وزیراعظم محمد شہباز شریف سے مکہ ڈیفنس الائنس کے پہلے سیکریٹری جنرل لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود نے ملاقات کی، جس میں دفاعی اور تزویراتی تعاون کے فروغ سمیت خطے میں امن و استحکام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے مکہ ڈیفنس الائنس کے سیکریٹری جنرل کا عہدہ سنبھالنے پر لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ مکہ امن معاہدہ خطے میں امن، اتحاد اور استحکام کے قیام کے لیے ایک تاریخی سنگ میل ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مکہ دفاعی معاہدے کے تحت پاکستان، سعودی عرب کی خودمختاری، دفاع اور علاقائی سلامتی کے تحفظ کے لیے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے اپنے دفاع کے جائز حق کی مکمل حمایت کرتا ہے اور سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پاکستان کا عزم غیرمتزلزل ہے۔
ملاقات میں مکہ ڈیفنس الائنس کے سیکریٹری جنرل لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود نے وزیراعظم کو معاہدے کے فریم ورک کے تحت دفاعی اور تزویراتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے مرتب کردہ حکمت عملی سے آگاہ کیا۔