خیبر پختونخوا کے اضلاع دیر بالا اور دیر لوئر کے شہری علاقوں میں بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی ہلکی برفباری سے سردی نے دستک دے دی، جس کے بعد شہریوں نے گرم ملبوسات کا استعمال شروع کردیا ہے۔
دیر بالا کی وادی کمراٹ، جہاز بانڈہ، باڈ گواہی اور لواری ٹاپ پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ بارش اور برفباری کے باعث بالائی علاقوں میں موسم سرد ہوگیا ہے۔
دوسری جانب اپر سوات کے علاقے مٹہ شہر سمیت مختلف بالائی علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی، جبکہ وادی گبین جبہ کے پہاڑوں پر برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
موسم کی تبدیلی کے باوجود کالام اور مہوڈنڈ جھیل جانے والے راستے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھلے ہیں، جبکہ سیاحوں کی بڑی تعداد قدرتی مناظر، بارش اور سرد موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے اپر سوات کا رخ کررہی ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے بارش کے پیش نظر شہریوں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورت حال سے بچا جاسکے۔