وفاقی حکومت نے منقطع ہونے والے سوئی گیس کنکشنز کی بحالی کے لیے سخت شرائط عائد کر دی ہیں، جس کے تحت ایک سال سے زائد عرصے تک منقطع رہنے والے کنکشنز کو ایل این جی ٹیرف پر منتقل کر دیا جائے گا۔
نئی پالیسی کے مطابق ایک سال تک منقطع رہنے والے گیس کنکشنز کی بحالی کے بعد صارفین کو سستی قدرتی گیس کی سہولت دستیاب نہیں ہوگی، بلکہ ان سے ایل این جی ٹیرف کے مطابق بل وصول کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق ری کنکشن کے لیے ایل این جی ٹیرف سے متعلق پالیسی کا اطلاق گھریلو صارفین سمیت تمام کیٹیگریز پر ہوگا۔ صارفین مقررہ ری کنکشن فیس ادا کرکے اپنے منقطع گیس کنکشن بحال کروا سکیں گے۔
پالیسی کے تحت کنکشن کی بحالی کے بعد صارفین کی بلنگ ایل این جی ٹیرف کی بنیاد پر کی جائے گی، جس سے طویل عرصے سے منقطع گیس کنکشن دوبارہ حاصل کرنے والے صارفین کو اضافی مالی بوجھ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔