خیبرپختونخوا میں 12 اضلاع پر مشتمل علاقائی ترقیاتی کونسل کے قیام کے لیے انتخابی عمل شروع کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد سابق قبائلی علاقوں اور جنوبی اضلاع میں امن و امان کی بہتری، عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں میں مقامی آبادی کی مؤثر نمائندگی یقینی بنانا ہے۔
ذرائع کے مطابق مجوزہ کونسل میں ہر ضلع سے دو نمائندے منتخب کیے جائیں گے، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 24 ارکان پر مشتمل کونسل تشکیل دی جائے گی۔ نمائندوں کا انتخاب روایتی جرگہ نظام، قبائلی روایات اور باہمی مشاورت کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں شمالی وزیرستان، خیبر، بنوں اور ٹل میں انتخابی عمل کا آغاز کیا گیا ہے، جہاں ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے جرگے اور مشاورتی اجلاس منعقد کیے گئے۔ ان اجلاسوں میں قبائلی مشران، ملکوں، علمائے کرام، مقامی عمائدین اور تاجر برادری کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاسوں کے دوران امن و امان کی صورت حال، سیکیورٹی سے متعلق چیلنجز، عوام کو درپیش مشکلات اور علاقے کی ترقیاتی ضروریات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ مقامی سطح پر مسائل کے حل کے لیے مشاورت کو اہمیت دی گئی۔
ذرائع کے مطابق علاقائی ترقیاتی کونسل میں باجوڑ، مہمند، خیبر، کرم، اورکزئی، شمالی وزیرستان، جنوبی وزیرستان اپر، جنوبی وزیرستان لوئر، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، لکی مروت اور بنوں سے نمائندے شامل ہوں گے۔
حکام کے مطابق آئندہ دو روز کے دوران باقی اضلاع میں بھی جرگوں اور مشاورتی اجلاسوں کے ذریعے نمائندوں کے انتخاب کا عمل شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔ مجوزہ انتظامی نظام کے تحت مقامی عمائدین اور شہریوں کی مشاورت سے امن و امان، عوامی مسائل اور ترقیاتی امور سے متعلق معاملات کو آگے بڑھایا جائے گا۔