این سی سی آئی اے میں افرادی قوت کی کمی دور کرنے کے لیے پنجاب پولیس سے 300 افسران و اہلکار طلب

image

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) میں عملے کی کمی پوری کرنے کے لیے پنجاب پولیس سے 300 افسران و اہلکار ڈیپوٹیشن پر تعینات کرنے کی درخواست کردی گئی ہے، جس کے لیے ڈی جی این سی سی آئی اے کی منظوری سے باضابطہ مراسلہ جاری کردیا گیا ہے۔

مراسلے کے مطابق پنجاب پولیس سے 30 ڈی ایس پیز، 30 انسپکٹرز، 115 سب انسپکٹرز، 25 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز اور 100 ہیڈ کانسٹیبلز و کانسٹیبلز کی خدمات طلب کی گئی ہیں۔ ابتدائی طور پر 107 افسران و اہلکاروں کے ناموں پر مشتمل فہرست این سی سی آئی اے کو ارسال کردی گئی ہے، جبکہ مزید 193 اہلکاروں کی ڈیپوٹیشن پر تعیناتی کے لیے بھی درخواست کی گئی ہے۔

مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ مرد اور خواتین دونوں پولیس افسران و اہلکار ڈیپوٹیشن پر تعیناتی کے لیے اہل ہوں گے، تاہم امیدواروں کی عمر 48 سال سے کم ہونا ضروری ہے۔ خواہش مند اہلکاروں کے لیے جسمانی طور پر فٹ ہونے کے ساتھ کم از کم تعلیمی قابلیت بی اے یا آئی سی ایس مقرر کی گئی ہے۔

تعیناتی کے لیے امیدواروں کا ایماندار اور اے گریڈ سروس ریکارڈ کا حامل ہونا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ سنگین سزاؤں کا سامنا کرنے والے اور جن کے خلاف انکوائری زیرِ التوا ہے، ایسے اہلکار ڈیپوٹیشن پر تعیناتی کے اہل نہیں ہوں گے۔

ڈی جی این سی سی آئی اے کی جانب سے آئی جی پنجاب کو ارسال کردہ مراسلے میں مطلوبہ افسران و اہلکاروں کی خدمات فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے تاکہ ادارے میں افرادی قوت کی کمی پوری کرکے کام کی استعداد بہتر بنائی جاسکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US