الیکشن کمیشن کا پنجاب اور کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول فوری جاری کرنے کا فیصلہ

image

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اور ملک کے تمام کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول فوری جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں پنجاب حکومت کی جانب سے انتخابات میں تاخیر سے متعلق دیے گئے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دے کر رد کر دیا گیا۔

پنجاب حکومت نے شدید دھند، سخت سردی اور فروری میں رمضان المبارک کا عذر پیش کرتے ہوئے بلدیاتی انتخابات تین مراحل میں اپریل 2027 تک ملتوی کرنے کا موقف اختیار کیا تھا۔ تاہم، الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ الیکشنز ایکٹ کے تحت صوبائی حکومت کے ساتھ 20 اگست 2026 کو مشاورت مکمل ہو چکی تھی، جس میں 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 کے درمیان انتخابات کے انعقاد پر اتفاق ہوا تھا، لہٰذا اب تاریخوں میں تبدیلی کو قبول نہیں کیا جاسکتا۔

الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کی جانب سے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، ریٹرننگ افسران اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کی تعیناتی کے لیے درکار فہرستیں فراہم نہ کرنے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت کو ایک ہفتے کے اندر تمام فہرستیں جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب، کنٹونمنٹ بورڈز میں بھی بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کے اجرا کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق وزارتِ دفاع کو متعدد یاددہانی خطوط اور چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے وزیراعظم کو خط بھیجے جانے کے باوجود کنٹونمنٹ ایکٹ کے تحت انتخابات کی درخواست موصول نہیں ہوئی۔ بالآخر کمیشن نے آئینی و قانونی ذمہ داری نبھاتے ہوئے متعلقہ دفاتر کو پنجاب اور کنٹونمنٹس میں بلدیاتی الیکشن کے مجوزہ پروگرام منظوری کے لیے فوری پیش کرنے کا حکم دے دیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US