وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ باہمی دفاعی معاہدہ اور مکہ مشترکہ دفاعی اتحاد دونوں برادر ممالک کے دیرینہ تعلقات میں ایک تاریخی سنگِ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔
سعودی عرب کے نو تعینات سفیر ڈاکٹر راجح تامی البقمی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے انہیں پاکستان آمد اور نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کے لیے موجودہ ادارہ جاتی مکینزم کو مستحکم کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور سعودی عرب ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں اور یہ نئے معاہدے علاقائی امن و سلامتی کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کے عکاس ہیں۔