ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے سعودی عرب پر مسلسل حملوں کو علاقائی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کی حمایت جاری رکھے گا۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے سعودی عرب میں شہری آبادی اور اہم تنصیبات پر حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے حملے ناقابل قبول ہیں۔ انہوں نے حملوں میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اور زخمیوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔
سجاد حیدر خان نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت تعاون کے عزم پر قائم ہے اور سعودی عرب میں امن و استحکام کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔
ترجمان کے مطابق پاکستان، سعودی عرب، مصر اور ترکیہ نے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی اور اس کے دفاعی اقدامات کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے حملے فوری اور غیر مشروط طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب دفتر خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان سمیت 19 ممالک نے کولمبیا کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس میں سفارت خانہ کھولنے کے اقدام کی مذمت کی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے منافی اور دو ریاستی حل کی کوششوں کے لیے نقصان دہ ہے۔