پشاور کے علاقے دیر کالونی میں نجی اسکول کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے کی پولیس رپورٹ سی سی پی او کو ارسال کردی گئی جبکہ شہید بچوں کے لواحقین میں 2 کروڑ 10 لاکھ روپے کے امدادی چیک بھی تقسیم کردیے گئے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق صبح 9 بج کر 5 منٹ پر اسکول کی چھت گرنے کی اطلاع ملی جس پر ریسکیو 1122 اور متعلقہ محکموں کو طلب کیا گیا۔ رپورٹ میں عمارت کے پرانے اور ناقص تعمیر ہونے کو چھت گرنے کی وجہ قرار دیا گیا ہے۔ واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ حادثے کی اصل وجہ اور ذمہ داروں کے تعین کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر پشاور ڈاکٹر آفاق وزیر نے شہداء کے لواحقین میں مجموعی طور پر 2 کروڑ 10 لاکھ روپے کے امدادی چیک تقسیم کیے۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق تدفین کے لیے دوسرے اضلاع جانے والے خاندانوں کو واپسی پر امدادی چیک فراہم کیے جائیں گے۔
ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں زخمی بچوں کی فہرستوں کی تصدیق بھی کررہی ہیں تاکہ تمام زخمیوں کو ایک دن کے اندر امداد فراہم کی جاسکے۔ واضح رہے کہ جمعرات کو پیش آنے والے اس حادثے میں 34 طلبہ اور ایک خاتون ٹیچر جاں بحق ہوئے تھے۔