پاکستان سے ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائی کا دعویٰ بے بنیاد، وزارت اطلاعات نے مسترد کردیا

image

وزارت اطلاعات و نشریات نے پاکستانی سرزمین سے ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائی کے دعوے کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔

وزارت اطلاعات کے مطابق شمالی امریکا سے تعلق رکھنے والے ایک سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر دعویٰ کیا گیا تھا کہ امریکی بحریہ نے پاکستان کی سرزمین سے ایران کے خلاف کارروائی کی ہے، تاہم یہ دعویٰ حقائق کے منافی اور سراسر بے بنیاد ہے۔

وزارت اطلاعات نے اپنے بیان میں کہا کہ اس نوعیت کے جھوٹے دعوے پھیلانا ایک وسیع تر ایجنڈے کا حصہ ہے، جس کا مقصد غلط فہمیوں اور انتشار کو فروغ دینا ہے۔

وزارت اطلاعات کا کہنا ہے کہ ایسی سوشل میڈیا پوسٹس کسی بھی سنجیدہ مبصر کی توجہ کے لائق نہیں۔ بے بنیاد خبروں اور من گھڑت دعوؤں کو پروپیگنڈا سمجھتے ہوئے اسی تناظر میں ان سے نمٹنا چاہیے۔

وزارت اطلاعات نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایسے دعوؤں کی حقیقت کو سمجھنا ضروری ہے تاکہ غلط معلومات کے ذریعے عوام میں بے چینی اور ابہام پیدا کرنے کی کوششوں کو روکا جاسکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US