اسلحہ لائسنس کے نام پر شہریوں سے فراڈ، نادرا نے جعلی ویب سائٹ سے خبردار کردیا

image

پنجاب میں اسلحہ لائسنس کے حصول کے نام پر جعلی ویب سائٹ کے ذریعے شہریوں کو لوٹنے کا انکشاف ہوا ہے، جس پر نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کے لیے انتباہ جاری کردیا ہے۔

نادرا کے مطابق جعلساز عناصر نادرا سے منسوب جعلی ویب سائٹ کے ذریعے پنجاب اسلحہ لائسنس کے درخواست گزاروں سے بھاری رقوم وصول کررہے ہیں۔ شہری اسلحہ لائسنس کے حصول کے لیے ان غیر مصدقہ ویب سائٹس پر نہ صرف فیس جمع کرا رہے ہیں بلکہ اپنی حساس شناختی معلومات بھی فراہم کررہے ہیں۔

حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ جعلی ویب سائٹس پر ذاتی اور شناختی معلومات فراہم کرنے سے ان کے غلط استعمال کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، جبکہ شہریوں کو مالی نقصان بھی اٹھانا پڑ سکتا ہے۔

نادرا نے پنجاب اسلحہ لائسنس کے حصول کے خواہش مند افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی ویب سائٹ پر درخواست جمع کرانے یا رقم ادا کرنے سے پہلے اس کے مستند ہونے کی تصدیق ضرور کریں۔ شہری غیر مصدقہ ویب سائٹس پر اپنی شناختی معلومات اور دیگر حساس تفصیلات فراہم کرنے سے گریز کریں۔

نادرا نے واضح کیا ہے کہ پنجاب اسلحہ لائسنس سے متعلق آن لائن خدمات کے لیے صرف سرکاری ویب سائٹ pal.nadra.gov.pk استعمال کی جائے۔

اتھارٹی نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ جعلسازی سے بچنے کے لیے ویب سائٹ کا درست ایڈریس لازمی چیک کریں اور کسی بھی مشکوک آن لائن پلیٹ فارم پر ادائیگی یا معلومات فراہم کرنے سے پہلے اس کی تصدیق کریں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US