محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں موسم کی صورتحال سے متعلق پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ روز کے مقابلے میں درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور موجودہ درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ شہر میں آج موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مری، گلیات اور گردونواح میں دوپہر کے بعد مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہ سکتا ہے، جبکہ خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب موسم کی تبدیلی کے ساتھ لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال مزید تشویشناک ہوگئی ہے۔ شہر میں گزشتہ روز کے مقابلے میں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) میں 24 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد مجموعی سطح 221 تک پہنچ گئی۔
فضائی آلودگی کے حوالے سے جی ٹی روڈ لاہور سب سے زیادہ متاثرہ مقام رہا، جہاں اے کیو آئی 385 ریکارڈ کیا گیا۔ دیگر علاقوں میں برکی روڈ پر 278، ایجرٹن روڈ پر 255، کاہنہ نو میں 237، پنجاب یونیورسٹی کے علاقے میں 226 اور ملتان روڈ پر 208 کی سطح ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم 19 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں ہوا 3 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے اور نمی کا تناسب 83 فیصد رہنے کی توقع ہے۔
ماہرین کے مطابق فضائی آلودگی میں اضافے کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں، بالخصوص حساس طبی حالات سے دوچار افراد کو آلودہ فضا میں غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنا چاہیے۔