بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کےخلاف کارروائیاں، 4 دہشت گرد ہلاک، میجر وجاہت شہید

image

بلوچستان کے اضلاع قلات اور گوادر میں سیکیورٹی فورسز کی دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ گوادر کے علاقے شادی کور میں کلیئرنس آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے نصب کیے گئے دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) کے دھماکے میں پاک فوج کے میجر وجاہت وحید نے جامِ شہادت نوش کرلیا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انٹیلی جنس اداروں نے ضلع گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور اور ضلع قلات کے علاقے جٹک آباد میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے متعدد ٹھکانوں کی موجودگی کی اطلاع دی تھی، جہاں دہشت گردوں کی سرگرمیاں مقامی آبادی کے لیے خطرہ بن رہی تھیں۔ مقامی آبادی کے تحفظ اور علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیاں شروع کیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 18 اکتوبر 2026 کو ضلع قلات کے علاقے جٹک آباد میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا گیا۔ اس دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ کارروائی کے دوران اسلحے اور گولہ بارود کی بڑی مقدار بھی برآمد کرلی گئی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق دوسری کارروائی ضلع گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور میں کی گئی، جہاں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خاتمے اور علاقے کو کلیئر کرنے کے لیے متعدد آپریشنز جاری ہیں۔ ان کارروائیوں میں میجر وجاہت وحید کی قیادت میں کام کرنے والی سیکیورٹی فورسز کی اگلی ٹیم کو دیسی ساختہ بم کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔

دھماکے کے نتیجے میں میجر وجاہت وحید وطن کے دفاع اور دہشت گردی کے خاتمے کی جدوجہد میں اپنی جان قربان کرتے ہوئے شہید ہوگئے۔ میجر وجاہت وحید نے فرض کی ادائیگی کے دوران عظیم قربانی دے کر جامِ شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے اور ان کے ٹھکانوں کی مکمل صفائی کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری رہیں گے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ قومی ایکشن پلان پر وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے شروع کیے گئے وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت دہشت گردی کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US