قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی نے عہدے سے مستعفی ہونے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صرف بانی پی ٹی آئی عمران خان کے مطالبے پر ہی استعفیٰ دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی اعلیٰ سطح کمیٹی کے اجلاس میں مبینہ طور پر محمود اچکزئی سے عہدہ چھوڑنے کا مطالبہ کیا گیا تھا، تاہم انہوں نے اپنے قریبی ساتھیوں سے گفتگو میں واضح کیا کہ انہیں عمران خان نے قائد حزب اختلاف نامزد کیا تھا، اس لیے اگر وہ خود عہدہ چھوڑنے کا کہیں گے تو وہ مستعفی ہو جائیں گے۔
محمود خان اچکزئی کو رواں سال جنوری میں قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے قائد حزب اختلاف مقرر کیا تھا۔ ان کی تقرری سے قبل اسناد اور اہلیت کے معاملے پر طویل کشمکش جاری رہی تھی۔
رپورٹ کے مطابق محمود اچکزئی گزشتہ ہفتے خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ میں شریک نہیں ہوئے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ کے انعقاد اور منزل کے معاملے پر پی ٹی آئی سے وابستہ آزاد ارکان قومی اسمبلی کے درمیان اختلافات بھی سامنے آئے تھے۔