سرکاری حج اسکیم: واجبات کی دوسری قسط جمع کرانے میں ایک دن باقی، 20 اکتوبر آخری تاریخ مقرر

image

وزارتِ مذہبی امور نے سرکاری حج اسکیم کے تحت حج واجبات کی دوسری قسط جمع کرانے والے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ 20 اکتوبر تک ادائیگی لازمی مکمل کر لیں، بصورتِ دیگر حج درخواست منسوخ ہونے کا خدشہ ہے۔

ترجمان وزارتِ مذہبی امور کے مطابق عازمینِ حج واجبات کی ادائیگی کے لیے نیشنل آئی ٹی بورڈ کے حج پورٹل یا پاک حج ایپ سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ پورٹل کے ذریعے بینک کارڈ، ون لنک یا مینول بینک چالان کے ذریعے ادائیگی کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ حج کے انتظامات کو بروقت مکمل کرنے اور درخواست کی منسوخی سے بچنے کے لیے مقررہ تاریخ تک واجبات کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔

وزارتِ مذہبی امور نے عازمینِ حج کے لیے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ سے متعلق ہدایات بھی جاری کی ہیں۔ عازمین کو حج پورٹل پر دستیاب میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ ڈاؤن لوڈ کرکے ڈاکٹر سے تصدیق کروانا اور تصدیق شدہ سرٹیفکیٹ دوبارہ حج پورٹل پر اپ لوڈ کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

ترجمان نے عازمینِ حج پر زور دیا ہے کہ وہ حج سے متعلق تازہ ترین معلومات، ضروری ہدایات اور انتظامی امور سے آگاہ رہنے کے لیے پاک حج ایپ کا باقاعدگی سے استعمال کریں اور تمام تقاضے مقررہ وقت کے اندر مکمل کریں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US