نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار 19 اور 20 اکتوبر کو تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہانِ حکومت کی کونسل کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق تاجکستان کے وزیراعظم قاہر رسول زادہ کی دعوت پر اسحاق ڈار اجلاس میں شرکت کریں گے، جس میں بیلاروس، چین، قازقستان، کرغزستان، روس، تاجکستان اور ازبکستان کے وزرائے اعظم، ایران کے نائب صدر اور بھارت کے وزیر خارجہ اپنے اپنے ممالک کی نمائندگی کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ حکومت کی کونسل تنظیم کا دوسرا اعلیٰ ترین فیصلہ ساز ادارہ ہے جو معیشت، مالیات، تجارت، روابط، کاروبار، سماجی و اقتصادی تعاون اور تنظیم کے بجٹ سے متعلق امور پر رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
اجلاس میں مشترکہ اعلامیہ، بیانات اور اہم فیصلوں کی منظوری بھی دی جائے گی۔
دورے کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار تاجکستان کے صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں کریں گے، جبکہ اجلاس کے موقع پر شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے ہم منصبوں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔