گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی اور اس معاملے میں کسی سیاسی شخصیت کی سفارش نہیں مانی جائے گی۔ وفاق اور صوبے کے درمیان کوئی لڑائی نہیں، تمام صوبوں کے ساتھ تعلقات بہتر رکھیں گے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے کو صاف ستھرا بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے اور جہاں بھی تجاوزات موجود ہیں، ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔ گندم کے معاملے پر رپورٹ سامنے آنے کے بعد ذمہ داروں کے خلاف بھی ایکشن لیا جائے گا، جبکہ شہر میں ٹریفک قوانین پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔
گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ عوامی مفاد کے ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے گا، جبکہ مبینہ طور پر مالی مفادات کے لیے شروع کیے گئے منصوبوں کے ذمہ داروں کا بھی احتساب ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ کے سامنے بند راستہ آج کھول دیا جائے گا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں لوڈشیڈنگ کے مسئلے کے حل کے لیے بھی کام جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی چوری کا دور ختم ہونا چاہیے، کیونکہ ریکوری نہیں ہوگی تو بجلی کی پیداوار کیسے ممکن ہوگی۔
گورنر خیبرپختونخوا نے واضح کیا کہ اب اختلافات کے بجائے باہمی تعاون اور بہتر تعلقات کو فروغ دیا جائے گا اور وفاق کے ساتھ صوبے کا کوئی تنازع نہیں ہے۔