پی ٹی آئی سوشل میڈیا کے اثر سے نکلے تو ان کی سیاست کے لیے بہتر ہوگا، خواجہ آصف

image

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی قیادت اگر سوشل میڈیا کے اثرات سے باہر نکل آئے تو یہ ان کی سیاست کے لیے بہتر ثابت ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے اندر سے ہی اب یہ آوازیں سامنے آ رہی ہیں کہ مزاحمت کے بجائے سیاست کی جانی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی مزاحمتی راستہ چھوڑ کر سیاست کی طرف آتی ہے تو اسے سیاسی میدان میں کافی جگہ مل جائے گی۔

مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ مولانا کے سخت بیانات پر انہوں نے صرف سیاسی نکتہ چینی کی ہے، تاہم وہ کسی دیگر لیگی رہنما کی مولانا سے متعلق گفتگو پر کوئی تبصرہ نہیں کرسکتے۔

سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں کسی کے لیے بھی راستے مکمل طور پر بند نہیں ہوتے اور نہ ہی اس میں 'نو ریٹرن' کی کوئی پالیسی ہوتی ہے، یہاں کل کے دوست آج کے دشمن اور کل کے دشمن آج کے دوست بن جاتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US