الیکشن کمیشن نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے شیڈول کی تیاری اور اجرا کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
بدھ کو الیکشن کمیشن میں اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے کیس کی سماعت ہوئی چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ نے کیس کہ سماعت کی۔وفاقی سیکرٹری داخلہ احمد رضا سرور ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عزیر علی خان پیش ہوئے۔
بعدازاں چیف الیکشن کمشنر اور چاروں ممبران الیکشن کمیشن کے دستخطوں سے جاری فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ دستور پاکستان،الیکشن ایکٹ 2017 اور اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 کے تحت اسلام آباد میں مقامی حکومت کے انتخابات کرانا لازم ہے۔
بینچ نے اپنے دفتر کو ہدایت کی کہ وہ بلدیاتی انتخابات کے لیے شیڈول تیار کرے اوراسے جاری کیا جائے تاکہ دستور،الیکشن ایکٹ 2017 اور اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 کے تحت وفاقی دار الحکومت میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کرایا جاسکے۔
بینچ نے بلدیاتی انتخابات کے عمل کو حتمی شکل دینے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھانے کی ہدایت بھی کی۔