پاکستان اور مالدیپ کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے 20 مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ

image

پاکستان اور مالدیپ نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے 20 مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کی دستاویزات کا تبادلہ کیا ہے۔

دونوں ممالک نے انسدادِ منشیات اور سماجی تحفظ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، جبکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، سائبر سکیورٹی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں بھی اشتراکِ عمل کے لیے مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ کیا گیا۔

اس موقع پر پاکستان کی ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی اور مالدیپ فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے درمیان تعاون پر اتفاق ہوا، جبکہ طبی ماہرین کی بھرتی کے حوالے سے بھی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

پاکستان اور مالدیپ نے دفاعی شعبے میں تعاون کو وسعت دینے کے لیے متعلقہ دستاویزات کا تبادلہ کیا، جبکہ بحری سلامتی کے شعبے میں باہمی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

ان مفاہمتی یادداشتوں کا مقصد مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا اور پاکستان اور مالدیپ کے دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانا ہے۔

قبل ازیں مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کی وزیراعظم ہاؤس آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس میں معزز مہمان کا خیرمقدم کیا، اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان مصافحہ اور خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا۔ مالدیپ کے صدر کے اعزاز میں منعقدہ باضابطہ استقبالیہ تقریب میں پاکستان اور مالدیپ کے قومی ترانے بجائے گئے، جبکہ تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے انہیں سلامی پیش کی۔

صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ وزیراعظم نے کابینہ ارکان اور وزیراعظم ہاؤس کے اعلیٰ حکام کا مالدیپ کے صدر سے تعارف کرایا، جبکہ صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے اپنے وفد کے ارکان کا وزیراعظم سے تعارف کروایا۔

بعد ازاں مالدیپ کے صدر نے وزیراعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں پودا بھی لگایا۔ اس موقع پر پاکستان اور مالدیپ کی ترقی، خوشحالی اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے دعا کی گئی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US