پاکستان، ترکیہ، قطر اور انڈونیشیا نے دفاعی صنعت اور سیکیورٹی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو وسعت دینے کے لیے ’’بدر مفاہمتی یادداشت‘‘ پر دستخط کردیے۔
ترک وزارتِ دفاع کے مطابق مفاہمتی یادداشت پر دستخط ترکیہ کے وزیرِ قومی دفاع یاشار گولر کے دورۂ قطر کے دوران کیے گئے، جس کا مقصد چاروں ممالک کے درمیان دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو مزید مستحکم کرنا ہے۔
معاہدے پر پاکستان کے وزیرِ دفاع خواجہ آصف، ترکیہ کے وزیرِ قومی دفاع یاشار گولر، قطر کے نائب وزیراعظم و وزیرِ مملکت برائے دفاعی امور شیخ سعود بن عبدالرحمٰن بن حسن الثانی اور انڈونیشیا کے نائب وزیرِ دفاع یوسف جوہری نے دستخط کیے۔
ترک دفاعی صنعتی ایجنسی کے مطابق اس مفاہمتی یادداشت کے تحت چاروں ممالک کے درمیان پہلے سے جاری دفاعی منصوبوں کو آگے بڑھانے اور دفاعی صنعتی تعاون کے نئے امکانات پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔
مفاہمتی یادداشت کو چاروں ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری کو فروغ دینے اور مشترکہ منصوبوں کے لیے تعاون بڑھانے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔