قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام 4 بجے ہوگا، 16 نکاتی ایجنڈا جاری

image

قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام 4 بجے طلب کرلیا گیا ہے، جس کے لیے 16 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے۔ اجلاس میں مختلف ترمیمی بلز پیش کرنے، قانون سازی اور صدر مملکت کے پارلیمنٹ سے خطاب پر اظہارِ تشکر کی تحریک پر بحث متوقع ہے۔

اجلاس کے ایجنڈے کے مطابق نجکاری کمیشن ترمیمی بل 2026 اور اوگرا ترمیمی آرڈیننس 2026 قومی اسمبلی میں پیش کیے جائیں گے، جبکہ لائف انشورنس نیشنلائزیشن ترمیمی بل 2026 اور پاکستان اسٹڈی سینٹرز ترمیمی بل 2026 منظوری کے لیے پیش ہوں گے۔

ایجنڈے میں اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2026 سے متعلق قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کرنا بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ نیشنل فنڈ فار کلچرل ہیریٹیج ترمیمی بل 2026 اور نیٹنگ آف فنانشل ارینجمنٹس بل 2026 کو مشترکہ اجلاس میں بھیجنے کی تحریکیں پیش کی جائیں گی۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں سی ڈی اے کی جانب سے سیکٹر ای بارہ اور سی سولہ میں معاوضہ ادا کیے بغیر مسماری کے معاملے پر توجہ دلاؤ نوٹس بھی پیش کیا جائے گا۔

اسی طرح ڈی اے پی اور یوریا کھاد کی بلند قیمتوں سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔

اجلاس میں صدر مملکت کے پارلیمنٹ سے خطاب پر اظہارِ تشکر کی تحریک پر بھی بحث ہوگی، جبکہ دیگر قانون سازی اور پارلیمانی امور بھی زیرِ غور آئیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US