ملکی توانائی کے شعبے سے اچھی خبر سامنے آئی ہے، سندھ کے ضلع خیرپور میں واقع برٹسم ایسٹ ون کنویں سے تیل اور گیس کی تجارتی پیداوار شروع کردی گئی ہے، جس سے قومی توانائی نظام میں مقامی وسائل کی فراہمی میں اضافہ ہوگا۔
آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کے ترجمان کے مطابق بیسل سینڈز لوئر گورو فارمیشن میں واقع کنویں سے روزانہ 7 ملین مکعب فٹ گیس اور 200 بیرل خام تیل حاصل کیا جا رہا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ مذکورہ کنویں میں یکم اکتوبر کو تیل و گیس کی دریافت ہوئی تھی، جس کے بعد اب تجارتی بنیادوں پر پیداوار کا آغاز کردیا گیا ہے۔ کنویں سے حاصل ہونے والی گیس سوئی سدرن گیس کمپنی کو فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ آنے والے دنوں میں پیداوار مزید بڑھنے کی توقع ہے۔
او جی ڈی سی ایل کے مطابق کمپنی برٹسم ایسٹ ون کنویں میں 77.5 فیصد حصص کے ساتھ آپریٹر کی حیثیت رکھتی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ مقامی سطح پر تیل و گیس کی پیداوار میں اضافہ ملکی توانائی کے وسائل سے استفادے کی کوششوں کا اہم حصہ ہے۔ اس پیش رفت سے توانائی کی مقامی فراہمی بہتر بنانے اور درآمدی وسائل پر انحصار کم کرنے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔