گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں کرپشن کے خاتمے، امن و امان کے قیام اور خوشحالی کے لیے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، کارکردگی دکھانے والے افسران ہی ٹیم کا حصہ رہیں گے جبکہ ناقص کارکردگی والوں کی کوئی جگہ نہیں ہوگی۔
پشاور میں مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبے کو مضبوط بنانا اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہمارا ہدف ہے۔ تینوں سیاسی جماعتوں نے خیبرپختونخوا کی بہتری کے لیے ساتھ چلنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت گزشتہ روز ہونے والے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں صوبے کی سیکیورٹی صورتحال اور ترقیاتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے صوبے کے مطالبات منظور کیے، جبکہ تعینات افواج کے سربراہان نے سیکیورٹی صورتحال، چیف سیکریٹری نے ترقیاتی منصوبوں اور آئندہ کے لائحہ عمل جبکہ 12 اضلاع کے حکام نے اپنے متعلقہ منصوبوں سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں پہلی مرتبہ اس نوعیت کا اہم اور بڑا اجلاس منعقد ہوا۔
گورنر کے پی نے کہا کہ وزیراعظم نے صوبے میں گیس اور گندم سے متعلق مسائل کے فوری حل کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ خیبرپختونخوا کی ضروریات کے مطابق گندم فراہم کی جائے گی، تاہم اس کے غلط استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اضاخیل کے گوداموں میں گندم کے معاملے کی تحقیقات جلد سامنے لائی جائیں گی۔ عوام کے ساتھ ظلم و زیادتی کرنے والے افسران کو جوابدہ ہونا پڑے گا۔ کرپشن اور من پسند تعیناتیوں کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ گزشتہ 13 برس کے دوران صوبے کو پیچھے دھکیل دیا گیا، اب اسے ترقی کی راہ پر آگے لے کر جائیں گے۔ ہمارا وژن ایک بدلتا ہوا، ترقی کرتا اور مضبوط خیبرپختونخوا بنانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کی ترقی کے اس نئے سفر میں ساتھ دینے والوں کا خیرمقدم کیا جائے گا، تاہم پرانے طریقوں پر چلنے والوں کے لیے نئی ٹیم میں کوئی جگہ نہیں ہوگی۔