وزارتِ خزانہ کے سینٹرل مانیٹرنگ یونٹ نے مالی سال 2024-25 کی سالانہ رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق وزارتِ بحری امور کے تین اداروں نے ملک کے 10 منافع بخش سرکاری اداروں میں جگہ بنالی ہے۔
رپورٹ کے مطابق کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) منافع بخش سرکاری اداروں میں چھٹے، پورٹ قاسم اتھارٹی ساتویں جبکہ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) دسویں نمبر پر رہی۔ تینوں اداروں نے نمایاں مالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے تینوں اداروں کی مالی کارکردگی کو اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مؤثر مالیاتی انتظام کے باعث بحری اداروں کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اداروں کی کامیابی انتظامیہ اور ملازمین کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے۔ بحری اداروں کی مالی کارکردگی میں بہتری قومی معیشت کے لیے خوش آئند ہے اور اس سے سرکاری اداروں کی استعداد اور کارکردگی بہتر بنانے کی کوششوں کو تقویت ملے گی۔